لاہور (این این آئی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا میں ترقی کے نام نہاد دعوؤں پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کے صوبے میں گٹر کے ڈھکن لگنے کو بھی بڑی کامیابی بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے خیبرپختونخوا میں گٹر کے ڈھکن لگنے سے پہلے اور بعد کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ارے واہ! تبدیلی کے صوبے میں اتنی بڑی ترقی ہو رہی ہے اور ہمیں پتا ہی نہیں چلا۔انہوں نے کہا کہ حیرت انگیز طور پر گٹر کے ڈھکن کے پوسٹرز پر بھی سہیل آفریدی کی دو مختلف تصاویر شائع کی گئی ہیں، جیسے یہ کوئی تاریخی منصوبہ ہو۔ عظمٰی بخاری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ خوامخواہ ہی تنقید ہوتی ہے کہ یہ لوگ کام نہیں کرتے، دیکھیے گٹر لگنے سے پہلے اور بعد کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے کہا کہ عوام اب محض تصویروں اور تشہیر سے بہلنے والے نہیں، انہیں حقیقی ترقی، بنیادی سہولیات اور عملی کارکردگی چاہیے، نہ کہ معمولی کاموں کو کارنامہ بنا کر پیش کیا جائے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں عوامی فلاح کے بڑے منصوبے عملی شکل میں نظر آ رہے ہیں، جبکہ دوسرے صوبوں میں معمولی کاموں پر بھی ڈھول پیٹا جا رہا ہے۔

