سبی میلے میں زرعی نمائش، کسانوں اور عوام کے لیے معلومات و تفریح کا مرکز

سبی (رپورٹر)سبی میلہ مویشیاں واسپاں میں زرعی نمائش میلے کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتی ہے، جہاں پرمختلف سرکاری و نجی محکموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز تفریح کے ساتھ ساتھ معلومات اور خریداری کا بہترین ذریعہ بنتے ہیں زرعی نمائش میں محکمہ زراعت کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے جدید اور مؤثر انداز میں اپنا اسٹال قائم کرتا ہے، جس میں پھلوں، سبزیوں اور دیگر اجناس کے معیاری بیجوں کے علاوہ زراعت میں استعمال ہونے والی جدید مشینری بھی نمائش کے لیے رکھی جاتی ہے۔
محکمہ زراعت کے اسٹال پر کسانوں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں جہاں ماہرین کی جانب سے جدید زرعی طریقوں، بہتر پیداوار، آبپاشی کے جدید نظام اور فصلوں کی بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے زرعی نمائش کا مقصد نہ صرف کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ہوتا ہے بلکہ زرعی شعبے کی ترقی میں عملی کردار ادا کرنا بھی ہے۔زرعی نمائش سبی میلہ میں تفریح کا ایک اہم مرکز بنتا ہے جہاں محکمہ جنگلات، ایجوکیشن، پاپولیشن، پبلک ہیلتھ، ایریگیشن، محکمہ صحت اور صنعت و حرفت سمیت دیگر محکموں کے اسٹالز بھی قائم کیے جاتے ہیں۔ ان اسٹالز کے ذریعے عوام کو مختلف شعبہ جات سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی ہیں، جسے شہری بے حد سراہتے ہیں اس کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کے لیے بھی سبی میلہ ایک بڑے کاروباری مرکز کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں شہری اور دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہو تے ہیں۔ بچوں، خواتین اور خاندانوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معلوماتی اسٹالز میلے کی رونق میں اضافہ کر تے ہیں سبی میلہ میں زرعی نمائش کو دلہن کی طرح سجایا جاتا ہے خوبصورت سجاوٹ، روشنیوں اور رنگ برنگے بینرز ماحول کو مزید دلکش بنا تے ہیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسی نمائشیں نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ عوام اور کسانوں کے لیے علم و آگاہی کا مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں