مریضوں کو علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے کمشنر سبی ڈویژن

سبی(رپورٹر)کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے ٹیچنگ اسپتال سبی کا دورہ کیا، جہاں انہیں اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایچ او سبی ڈاکٹرمحمد اکبر سولنگی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر قادر ہارون، ایم ایس ٹیچنگ اسپتال زین العابدین سمیت متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔ اسپتال انتظامیہ نے کمشنر سبی اسداللہ فیض کو آگاہ کیا کہ نیوٹریشن، پیڈیاٹرکس، ویکسینیشن اور نرسری وارڈ ایک ہی عمارت میں قائم ہیں، جو کمشنر سبی کے وژن کے عین مطابق ہے۔ تاہم ڈاکٹروں نے وارڈز کی کمی کے باعث درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور بچوں کے لیے دو نئے وارڈز کے قیام کی درخواست کی۔ کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بی ایس ڈی آئی میں بچوں کے لیے دو نئے وارڈز کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی تاکہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دورے کے دوران کمشنر سبی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں