لورالائی(این این آئی) بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انصاف تک مساوی رسائی ایک اہم قومی ضرورت ہے اگرچہ خواتین اور اطفال کے تحفظ کے لیے متعدد قوانین موجود ہیں، لیکن عملی سطح پر خواتین آج بھی مختلف سماجی اور ادارہ جاتی رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہیں اسی پس منظر میں، ضلع لورالائی میں عورت فاؤنڈیشن کے اشتراک اور یو این وومن کے تعاون سے ایک اہم آگاہی و رابطہ پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں پولیس اور کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی 100 سے زائد خواتین نے حصہ لیا۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد فیمیل پولیس کمیونٹی نیٹ ورک کی تشکیل تھا، جس کے ذریعے خواتین اور پولیس کے درمیان اعتماد کو فروغ دیا جائے اور کمیونٹی سطح پر مسائل کے حل کے لیے مؤثر رابطہ قائم کیا جا سکے۔ اس اقدام کے ذریعے نہ صرف خواتین کو درپیش مسائل پر توجہ دی گئی بلکہ مقامی سطح پر سول سوسائٹی اور ریاستی اداروں کے درمیان تعاون کی مثال بھی قائم ہوئی۔پروگرام میں پولیس انسپکٹر اشرف خان، GBV ایکسپرٹ نصراللہ خان ملازئی، اور کلینیکل سائیکالوجسٹ محمد عارف نے بطور مقرر شرکت کی اور خواتین کے تحفظ، صنفی بنیاد پر تشدد، نفسیاتی معاونت اور انصاف تک رسائی کے موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔عورت فاؤنڈیشن کے ضلعی کوآرڈینیٹر اکرام اللہ نے کہاکہ ایسے اقدامات خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ایک محفوظ، منصفانہ اور جوابدہ معاشرے کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں یہ اقدام اس بات کی مثال ہے کہ کمیونٹی اور حکومتی ادارے مل کر خواتین کے مسائل کو حل کرنے میں کس طرح مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں اور سماجی انصاف کو فروغ دے سکتے ہیں۔

