لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) بیلہ کے شہر سے چلنے والی بعض پبلک ٹرانسپورٹ بسوں میں مبینہ طور پر ڈیزل اسمگلنگ کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے سینکڑوں مسافروں کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چند بس مالکان اور ڈرائیور قانونی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بسوں کے اندر اور خفیہ خانوں میں اضافی ڈیزل ذخیرہ کر کے اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کئی بسوں میں مسافروں کی نشستوں کے نیچے، عقبی حصوں اور بعض اوقات سامان رکھنے کی جگہ پر ڈیزل رکھتے ہیں اور آگ لگنے کا خدشہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔ مسافروں کے مطابق گرمی کے موسم میں یہ صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے کیونکہ معمولی چنگاری بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی عمل سے نہ صرف انسانی جانیں خطرے میں ہیں بلکہ یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہےٹرانسپورٹ کے بسوں میں اس طرح ڈیزل کی ترسیل اور ذخیرہ قوانین کے سراسر خلاف ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا ٹریفک ٹکراؤ کی صورت میں آگ بھڑکنے کا خطرہ کئی گنا بڑھ سکھتا ہے، جس کے نتیجے میں جانی نقصان کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بیلہ کی بسوسے چلنے والی بسوں کی فوری چیکنگ کی جائے، ڈیزل اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے سانحے کا خدشہ رد نہیں کیا جا سکتا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہو گی

