جمعیت علماء اسلام کوئٹہ کے زیراہتمام 8فروری 2024ء کے انتخابات میں مبینہ دھانلی کے خلاف ایک سیمینار (آج) ہوگا، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیرِ اہتمام قومی انتخابات 8 فروری 2024 میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف ایک اہم اور عظیم الشان سیمینار (آج)جمعرات کو منعقد ہوگا۔ ضلعی امیر جمعیت علماء اسلام کوئٹہ مولانا عبد الرحمن رفیق نے تمام یونٹوں اور ذمہ داران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیمینار میں بھرپور اور منظم شرکت کو یقینی بنائیں۔ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس نے اپنے بیان میں کہا کہ سیمینار کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے تمام شعبہ جات، یونٹوں کے ذمہ داران، عہدیداران اور کارکنان اس اہم پروگرام میں شریک ہوں گے۔جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان کے مطابق مرکزی امیر جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن کے حکم اور صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کی ہدایات کی روشنی میں یہ اہم سیمینار(آج) جمعرات بعد از نماز ظہر ٹھیک 2 بجے سے نماز عصر تک جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سیمینار 8 فروری 2024 کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر مبینہ ڈاکہ اور دھاندلی کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے اور جماعتی موقف کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ نے تمام مجالس عاملہ، مجالس شوریٰ، مجالس عمومی اور بلدیاتی امیدواران سمیت کارکنان اور ذمہ داران سے پْرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس تاریخی سیمینار میں بھرپور شرکت کر کے جماعتی اتحاد، نظم و ضبط اور قوت کا مظاہرہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں