چاغی قومی انسداد پولیو مہم فروری 2026 کا باقاعدہ آغاز کردیاگیا

دالبندین (این این آئی)ضلع چاغی میں قومی انسداد پولیو مہم فروری 2026 (NID) کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس دالبندین میں منعقد ہوئی، جہاں بریگیڈیئر ایف سی دالبندین سعد محمود نے ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنیم کے ہمراہ کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مالک بلوچ،ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر شیر محمد خان سنجرانی، یونیسف کے کمیونیکیشن آفیسر جلیل بلوچ سمیت محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران اور معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنیم نے فیلڈ ٹیموں پر زور دیا کہ وہ قومی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت، ایمانداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ٹیمیں بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دیسکیں،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مالک بلوچ نے بتایا کہ اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کی ویکسینیشن کریں گی تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔واضح رہے کہ قومی انسداد پولیو مہم 2 فروری سے 5 فروری 2026 تک جاری رہے گی۔ اس دوران ضلع چاغی میں 41 ہزار 780 بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے مجموعی طور پر 233 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور اس قومی مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں