کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما و فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام چوہدری نعیم کریم نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں دہشتگردوں کے حملوں کو ناکام بنانے پر پولیس اورسیکورٹی فورسزکے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا،عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومرہیں جن کی قربانیوں کو ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے صوبے کے امن و امان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تاہم انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کو بدامنی کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائیوں کے باعث ان تمام حملوں کو ناکام بنایا گیاچوہدری نعیم کریم نے کہا کہ بیک وقت مختلف شہروں کو نشانہ بنانے کا مقصد صوبے میں بدامنی پیدا کرنا، عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنا تھا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی جرات، اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بے مثال قربانی کے جذبے کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور یہ ثابت کر دیا کہ بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اورسیکورٹی فورسز نے بلوچستان بھر میں دوروز کے دوران 145دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کارروائی کے فوری بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے پولیس اوردیگرسیکورٹی فورسز کے اہلکاروں سے ملاقاتیں کرکے انکا حوصلہ بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کام کر رہی ہیں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے وفاقی حکومت کا صوبائی حکومت کو بھر پور تعاون حاصل ہے۔انہوں نے دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہونے والے پولیس،سیکورٹی فورسزاورشہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کواپنے جواررحمت میں جگہ دے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے

