پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ انٹرن شپ،1ہزارڈالرماہانہ وظیفہ مقرر

سعودی عرب کی معروف جامعہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیٹنگ سٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام 2026 کے تحت مکمل فنڈڈ بین الاقوامی انٹرن شپ کے لیے درخواستیں طلب کر لیں جس میں پاکستانی طلبہ سمیت دنیا بھر کے انڈرگریجویٹ اور ماسٹرز طلبہ شرکت کر سکتے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق منتخب امیدواروں کو ماہانہ ایک ہزار امریکی ڈالر وظیفہ فراہم کیا جائے گا، اس کے علاوہ واپسی کے ہوائی ٹکٹ، کیمپس میں مفت رہائش، مکمل ہیلتھ انشورنس، ویزا سپورٹ اور جدید تحقیقی لیبارٹریز تک رسائی بھی دی جائے گی،انٹرن شپ کا دورانیہ 3 سے 6 ماہ تک ہوگا، جس کے دوران شرکاء عالمی شہرت یافتہ فیکلٹی کی زیر نگرانی مختلف تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔
پروگرام کے تحت سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے شعبوں میں مواقع دستیاب ہیں، جن میں کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، انرجی اسٹڈیز، ماحولیاتی سائنس اور حیاتیاتی علوم شامل ہیں۔
اہلیت کے لیے ضروری ہے کہ امیدوار انڈرگریجویٹ (کم از کم تیسرے سال) یا ماسٹرز کے طالب علم ہوں اور ان کا کم از کم جی پی اے 3.5 ہو، انگریزی زبان پر عبور لازمی ہے، تاہم IELTS یا TOEFL جمع کرانا ضروری نہیں، پی ایچ ڈی کے طلبہ اور KAUST کے موجودہ یا سابق طلبہ اس پروگرام کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی، امیدواروں کو تازہ ترین سی وی، سرکاری تعلیمی ٹرانسکرپٹ، سفارشی خط، ذاتی بیان اور کارآمد پاسپورٹ کی نقل اپ لوڈ کرنا ہوگی۔
یونیورسٹی کے مطابق درخواستیں سال بھر وصول کی جاتی ہیں اور شارٹ لسٹ امیدواروں کو چند ہفتوں میں مطلع کر دیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں