سبی(اللہ داد)شہر سبی میں مچھروں کی یلغار نے شہریوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ شام ڈھلتے ہی مختلف محلوں اور گلیوں میں مچھروں کی بھرمار ہو جاتی ہے جس کے باعث شہری سکون سے بیٹھنے اور سونے سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔مچھروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث ملیریا اور دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، نالیوں میں کھڑے پانی اور جگہ جگہ گندگی کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بالخصوص بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کئی افراد نے بخار اور دیگر بیماریوں کی شکایت بھی کی ہے۔عوامی حلقوں کے مطابق متعلقہ اداروں کی جانب سے طویل عرصے سے مچھر مار اسپرے اور فوگنگ مہم نہیں چلائی گئی جس کے باعث مسئلہ دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ملیریا اور دیگر بیماریوں کے کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔اہلیانِ سبی نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور میونسپل کمیٹی سبی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شہر کے تمام علاقوں میں مچھر مار اسپرے اور فوگنگ مہم شروع کی جائے، نالیوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور کھڑے پانی کا خاتمہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس مسئلے سے نجات مل سکے۔شہریوں نے کہا کہ صحت مند ماحول فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں فوری اور مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

