کوئٹہ(این این آئی)سیکرٹری برائے محکمہ ترقی نسواں سائرہ عطاء نے کہا ہے کہ محکمہ ترقی نسواں، حکومت بلوچستان صوبے بھر میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات اور آگاہی پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے وزیر علی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ڈویژن کے تحت خواتین کے حقوق، تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کے حوالے سے مثبت پیغام معاشرے کے ہر طبقے تک مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عا لمی یوم خواتین کے موقع پر منقعدہ سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ ترقی نسواں منیر احمد کاکڑ، صوبائی محتسب برائے خواتین طاہرہ بلوچ، روبینہ زہری مینیجر بے نظیر شیلٹر ہوم ویمن اینڈ سنٹر کوئٹہ، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں جہاں آرا ء تبسم،یواین ایف اے صوبائی کوآرڈنیٹرسعدہ عطاء اور دیگر مقررین کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کی فلاح و بہبود، تحفظ اور ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں معاشرے میں باعزت مقام دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ محکمہ ترقی نسواں کی مختلف اسکیموں اور منصوبوں کے ذریعے خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں اور یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ صنفی بنیاد پر تشدد کے متاثرین کی فوری مدد اور بحالی کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کے تحت متاثرہ خواتین کو ایک ہی چھت کے نیچے قانونی معاونت، طبی سہولیات، مشاورت اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کم عمر بچیوں کی شادی ایک سماجی برائی اور قانونی جرم ہے جس کے خلاف معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں کم عمر شادی یا خواتین کے استحصال کے واقعات سامنے آئیں تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں یا بلوچستان ویمن ہیلپ لائن 1089 پر اطلاع دیں تاکہ ایسے واقعات کے خلاف بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے خلاف ہر قسم کے ظلم و جبر کے خاتمے اور قانون پر مؤثر عملدرآمد کے لیے حکومت اور متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ خواتین کو ایک محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کیا جا سکے۔تقریب میں مختلف سرکاری حکام، سماجی کارکنان اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خواتین کے حقوق، تعلیم اور بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اخیر میں سیکٹرٹری محکمہ ترقی نسواں نے خواتین کے علمی دن کے حوالے سے شرکاء میں شیلڈ بھی تقسیم کی گئی۔

