بلوچستان کے عوام کو صحت وتعلیم کی سہولیات پہنچاناوقت کی اہم ضرورت ہے،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

کوئٹہ(این این آئی)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے گوادرقائد حق دو تحریک مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے شفا جاہ ہسپتال کا دورہ کیاجہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیامریضوں کی عیادت کی ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور طبی عملے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔دورے کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات،مختلف شعبوں کی کارکردگی اور مریضوں کو دی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی اور طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے پاک بحریہ کی جانب سے تقریباًسات سال سے بند شفاجاہ ہسپتال کو دوبارہ فعال کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ گوادر کے عوام کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی بحالی سے نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ گردونواح کے علاقوں کے عوام کو بھی بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ معیاری اور بروقت طبی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں، اور صحت کے شعبے میں ایسے اقدامات عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاک بحریہ کی اس کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام گوادر میں صحت کے شعبے کی بہتری میں مثبت کردار ادا کرے گا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے امید ظاہر کی کہ پاک بحریہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے ایسے منصوبے جاری رکھے گی تاکہ گوادر کے عوام کو مزید بہتر، معیاری اور جدید طبی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ضلع گوادر میں صحت کے شعبے کی بہتری اور عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں ہر سطح پر جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں