حکومت بلوچستان کا سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں،سمیت پبلک سیکٹر جامعات کو9 سے 23 مارچ تک بندکرنے کااعلان

کوئٹہ(این این آئی) حکومت بلوچستان نے خطے میں جاری جنگی صورتحال اور ایندھن کی ممکنہ قلت کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن اور محکمہ کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے جاری علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشنز کے مطابق صوبے میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں، انٹرمیڈیٹ، ڈگری اور ٹیکنیکل کالجز سمیت پبلک سیکٹر جامعات کو 9 مارچ سے 23 مارچ 2026 تک بند رکھا جائے گا۔حکام کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں حالیہ جنگی صورتحال، عوامی نقل و حمل اور ایندھن کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انتظامی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس دوران مذکورہ تعلیمی اداروں میں تدریسی، تعلیمی اور انتظامی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ تاہم اسکولوں میں جاری داخلہ مہم، ڈیجیٹل مردم شماری آف اسکولز اور اگر کوئی امتحانات مقرر ہیں تو وہ اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔حکومت نے تمام متعلقہ حکام، ڈویڑنل ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں