کوئٹہ(این این آئی)سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان اور ڈی آئی جی آپریشنز لیفٹیننٹ (ر) عمران شوکت کے زیر صدارت ریڈ زون میں سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار کی تعمیر کے منصوبے کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر کوئٹہ زون عبدالرحیم بنگلزئی، ایس ای سٹی انجینئر اظہر جان، ایس پی ریڈ زون حنان اچکزئی، ٹیکنیکل ایڈوائزر محکمہ مواصلات و تعمیرات انجینئر احسان دوتانی اور انجینئر اویس پرویز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس کے دوران انجینئر اویس پرویز نے منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی پہلوؤں اور تعمیراتی مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے مختلف مراحل پر کام جاری ہے جبکہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران درپیش چیلنجز، سیکیورٹی خدشات اور انتظامی مسائل سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ شرکاء نے ان مسائل اور رکاوٹوں کے حل کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے ریڈ زون کی سیکیورٹی پلان کے حوالے سے واضح اور سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ریڈ زون ایک نہایت حساس علاقہ ہے، جہاں سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار کا یہ منصوبہ حساس سرکاری عمارات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ڈی آئی جی آپریشنز لیفٹیننٹ (ر) عمران شوکت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ زون اور اس سے ملحقہ وی آئی پی زون انتہائی حساس علاقے ہیں، جن کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا اولین ترجیح ہے انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ جاری منصوبے کی تکمیل میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ سیکیورٹی کے انتظامات کو جلد از جلد مؤثر بنایا جا سکے اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے میں معیار، شفافیت اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام تکنیکی و سیکیورٹی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کو بروقت مکمل کیا جائے۔

