کوئٹہ شہر میں سٹریٹ لائٹ،کیمروں کی بندش کی وجہ سے کرائمزمیں اضافہ ہواہے،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(این این آئی) امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک منظم، باصلاحیت اور نظریاتی جماعت ہے جو ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے،کوئٹہ کے عوام وشہریوں کومسائل کے حل،حقوق کے حصول، ترقی وخوشحالی کیلئے جماعت اسلامی کاساتھ دیناچاہیے،مسائل کواجاگر،حل کیلئے مخلصانہ جدوجہد کیساتھ جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھرپہنچانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کوئٹہ کے ضلعی ذمہ داران کے ساتھ منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کوئٹہ شہر میں جماعت اسلامی کے دعوتی، تنظیمی، تربیتی اور سیاسی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔امیرضلع عبدالنعیم رند نے خطاب میں کہا کہ کوئٹہ شہر میں سٹریٹ لائٹ،کیمروں کی بندش کی وجہ سے کرائمزمیں اضافہ ہواہے۔ٹریفک وصفائی کانظام درہم برہم ہے۔پالیمنٹ میں اچھی نمائندگی ہونے کے باوجودکوئٹہ کے شہریوں کے مسائل مشکلات کے حوالے سے مکمل خاموشی چھائی ہوئی ہے۔جماعت اسلامی کوئٹہ کے مسائل کواجاگراوران کے حل کیلئے ہرفورم پربھرپورآوازبلندکریگی۔کوئٹہ کے مسائل کواجاگراورحل کیلئے ”کوئٹہ کوحق دومہم”چلائیں گے۔اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ جماعت اسلامی کو عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک مضبوط اور فعال عوامی قوت کے طور پر مزید ابھارا جائے اور شہر کے مختلف علاقوں میں جماعتی نظم کو مضبوط بنانے کے ساتھ عوامی رابطہ مہم کو بھی تیز کیا جائے۔یونٹس سازی کی جائے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام مہنگائی، بے روزگاری،غربت اور بدانتظامی سے شدید پریشان ہیں ایسے میں جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل کو اجاگر کرے اور ان کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کرے۔ انہوں نے ضلعی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ تنظیمی استحکام، کارکنان کی تربیت اور دعوتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیں یونٹس بنائے لوگوں کو جماعت میں شامل کریں اجتماعی مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لیں مشاورت سے منصوبہ بندی کریں تاکہ جماعت اسلامی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔اجلاس میں صوبائی نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان ذاہد اختر بلوچ، امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ عبدالنعیم رند، جنرل سیکرٹری ضلع کوئٹہ اعجاز محبوب، نائب امراء اور دیگر ضلعی ذمہ داران نے بھی شرکت کی اور جماعتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس کے اختتام پر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کی جانب سے امیر صوبہ مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں جماعت کے ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں