کلین اینڈ گرین کوئٹہ انیشیٹو 2026 کا مقصد شہر میں ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینا اور شہریوں میں شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرنا ہے،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے پیرکو شہباز ٹاؤن میں پارسی قبرستان کے مقام پر پودا لگا کر باقاعدہ طور پر “کلین اینڈ گرین کوئٹہ انیشیٹو 2026” کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر شجرکاری مہم کے آغاز کے ساتھ شہر کو سرسبز اور صاف ستھرا بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس تقریب میں روٹری کلب کوئٹہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں، سماجی کارکنوں اور مقامی رہائشیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کوئٹہ شہر کو سرسبز بنانے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین کوئٹہ انیشیٹو 2026 کا مقصد شہر میں ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینا اور شہریوں میں شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت شہریوں، سول سوسائٹی اور مختلف اداروں کے تعاون سے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 10 ہزار درخت لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری ماحولیاتی آلودگی میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے اور شہری ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں مرحلہ وار شجرکاری مہم جاری رکھے گی اور سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور شہریوں کو اس مہم میں شامل کیا جائے گا تاکہ کوئٹہ کو صاف، سرسبز اور خوشگوار ماحول والا شہر بنایا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے مختلف پودے بھی لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں