کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ نے 10 اپریل کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ دن پاکستان کی آئینی و جمہوری تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں قوم کو 1973 کا متفقہ آئین ملا، جس نے ملک کو ایک واضح جمہوری، اسلامی اور وفاقی راستہ فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی قیادت میں نہ صرف آئین تشکیل پایا بلکہ ریاستی خودمختاری، عوامی حقوق اور ادارہ جاتی توازن کو بھی مضبوط بنیادیں فراہم کی گئیں۔ ان کی پالیسیوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک باوقار اور خوددار ریاست کے طور پر متعارف کروایا۔نورالدین کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی محافظ رہی ہے۔ آصف علی زرداری کے دور میں 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے نہ صرف پارلیمانی نظام کو بحال کیا گیا بلکہ صوبوں کو حقیقی خودمختاری دی گئی، جو وفاق کے استحکام کیلئے نہایت اہم قدم تھا۔انہوں نے ہا کہ بعد ازاں 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے ذریعے جمہوری ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا گیا اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے گئے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی حقیقی وارث ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک میں جمہوریت کے تسلسل، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور ہر قسم کی غیر آئینی اقدام کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے نظریے پر عمل پیرا رہتے ہوئے ایک مضبوط، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

