کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماو سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے 10 اپریل کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کا آئین دے کر پاکستان کو ایک متفقہ، جمہوری، اسلامی اور وفاقی نظام عطا کیا، جو آج بھی ملکی استحکام، عوامی حقوق اور پارلیمانی بالادستی کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے نہ صرف آئین دیا بلکہ ملک کو ایٹمی پروگرام کی بنیاد، مزدوروں اور کسانوں کو حقوق، خارجہ پالیسی میں خودمختاری اور اسلامی دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کرنے جیسے تاریخی کارنامے بھی سرانجام دیے۔ ان کا وڑن ایک مضبوط، خودمختار اور عوام دوست پاکستان تھا۔سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کے تحفظ اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ صدر آصف علی زرداری کے پہلے دور میں 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے پارلیمان کو بااختیار بنایا گیا، صوبوں کو خودمختاری دی گئی اور آمریت کے باقی ماندہ اثرات کا خاتمہ کیا گیا، جو پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک سنگِ میل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے ذریعے بھی آئینی و جمہوری نظام کو مزید مستحکم کیا گیا، اداروں کے درمیان توازن کو بہتر بنایا گیا اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کیے گئے، جو پاکستان پیپلز پارٹی کے آئین دوستی کے عزم کا تسلسل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آئینِ پاکستان کے تحفظ، جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کے دفاع کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے، اور کسی بھی قسم کی آئین شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے مشن کی امین ہے اور ملک میں قانون کی بالادستی، پارلیمانی نظام کی مضبوطی اور وفاق کے استحکام کیلئے ہمیشہ چٹان کی طرح کھڑی رہے گی۔

