پشین(این این آئی) ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) وہاب ناصر نے N-25 کوئٹہ۔چمن، پاکستان ایکسپریس وے منصوبے کے تحت متاثرہ اراضی کے ریونیو ریکارڈ کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز عبداللہ مینگل، ڈاکٹر سمیع الحق، علی اکبر، تحصیلدار پشین/سرانان، متعلقہ پٹواری، قانونگو، این ایچ اے حکام اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متاثرہ اراضی کے ریونیو ریکارڈ کی بروقت فراہمی، زمینوں کی نشاندہی اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر درست اور مکمل ریکارڈ فراہم کریں تاکہ منصوبے پر کام میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ ضلعی انتظامیہ پشین کی جانب سے واضح کیا گیا کہ N-25 منصوبہ علاقے کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کو مؤثر بناتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔

