بلوچستان،ہائیر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ

کوئٹہ (این این آئی) حکومتِ بلوچستان نے صوبہ بھر میں ہائیر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (HSSC) سالانہ امتحانات 2026 کے شفاف، منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز 14 اپریل 2026 سے ہوگا۔ امتحانات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے، بدامنی یا غیر قانونی سرگرمی کی روک تھام کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ امتحانی اوقات کے دوران صوبہ بھر کے تمام امتحانی مراکز کے 100 گز کے احاطے میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے، غیر مجاز اجتماعات اور کسی بھی قسم کی ایسی سرگرمی پر مکمل پابندی ہوگی جو امتحانات کے پرامن انعقاد میں خلل ڈال سکتی ہو۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق یہ پابندیاں 14 اپریل 2026 سے امتحانات کے اختتام تک نافذ العمل رہیں گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تمام ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور امتحانی عمل کو ہر ممکن طور پر محفوظ اور شفاف بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں