کوئٹہ (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سید جہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ صوبائی وزیرخزانہ میر شعیب نوشیروانی کی کارکردگی قابل تعریف ہے وہ بلا رنگ و نسل عوام اور مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی خدمت کر رہے ہیں موصوف نے اپنے دور میں حلقہ انتخاب سمیت دیگر علاقوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی کے دفتر اورگھر کے دروازے چوبیس گھنٹے عوام اور پارٹی کارکنوں کیلئے کھلے ہیں اور وہ بلا رنگ و نسل اور بغیر کسی سفارش کے عوام اور مسلم لیگ(ن) کے کام میرٹ پر کر رہے ہیں جس سے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں اور عوام کے دلوں میں انکی عزت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیرخزانہ میر شعیب نوشیروانی واحد وہ وزیر ہیں جو صبح اپنے دفتر میں آکر بیٹھے ہیں اور شام تک وہاں عوام اور کارکنوں کے مسائل سنتے اورانہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ میر شعیب نوشیرانی نے تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ خزانہ میں میرٹ کے مطابق پڑھے لکھے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کیں جس سے نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ ہوا۔انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف،وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر و گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل سے اپیل کی کہ وہ صوبائی وزیرخزانہ میرشعیب نوشیروانی کا ساتھ دیں تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے عوام اورکارکنوں کی خدمت کرسکیں۔

