کوئٹہ، گیس کی گھنٹوں کی فراہمی روزمرہ زندگی کے لیے وبالِ جان بن گئی، حافظ ابراہیم محمد حسنی

کوئٹہ(این این آئی) معروف سیاسی و سماجی رہنماء حافظ محمد ابراہیم محمد حسنی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی کو محدود کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبح، دوپہر اور شام کے چند گھنٹوں تک گیس کی دستیابی نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں حافظ ابراہیم محمد حسنی نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث گھریلو نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، خاص طور پر اوقاتِ طعام میں گیس کی بندش نے عوام کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ انہوں نے موجودہ معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں غریب عوام کے لیے متبادل ذرائع مثلاً ایل پی جی یا بجلی کا استعمال بھی اب ممکن نہیں رہا، کیونکہ ان کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔حافظ ابراہیم محمد حسنی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس شدید مہنگائی اور مشکلات کے دور میں کچھ ریلیف مل سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اسی طرح رکاوٹیں ڈالی جاتی رہیں تو عوام کا جینا محال ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں