کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہید نجیب احمد کی 36ویں برسی کے موقع پر ایک پُروقار تقریب ابڑو ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی، جس کا اہتمام صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی فرید خان ابڑو اور ان کے صاحبزادے میر عمر ابڑو نے کیا۔تقریب میں مشیر وزیر اعلیٰ سندھ سید نجمی عالم، مشتاق مٹو، صدر پی ایس ایف کراچی، جنرل سیکریٹری پی ایس ایف کراچی سمیت ضلع کراچی کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر فرید خان ابڑو نے اپنے صاحبزادے میر عمر ابڑو کے ہمراہ زوم لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کینیڈا ڈویژن کے صدر جاوید گجر، صدر پی پی پی اونٹاریو مصدق اکرام، سابق صدور ابراہیم دانیال اور منصور مرزا، حیدر علی (جنرل سیکریٹری پی پی پی ٹورنٹو)، عمر میمن (ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری یو کے) اور اعجاز لشاری (وائس پریزیڈنٹ یو اے ای) سمیت دیگر رہنماؤں سے بھی گفتگو کی۔تقریب کے دوران کینیڈا سے ایم کیو ایم کے رہنما زاہد سہیل نے فرید خان ابڑو کی کارکردگی سے متاثر ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔مہمان خصوصی سید نجمی عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید نجیب احمد صرف ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریہ اور جدوجہد کا نام تھے۔ انہوں نے کہا کہ نجیب احمد نے استعماری قوتوں کے خلاف اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔انہوں نے اپنے ذاتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نجیب احمد انہیں جیل میں کھانا پہنچانے آیا کرتے تھے، اس وقت جیل بھٹو کے کارکنان سے بھری ہوتی تھی۔ اسی نازک دور میں نجیب احمد کی سوچ نے نیا رخ اختیار کیا اور انہوں نے عملی جدوجہد کا راستہ اپنایا۔نجمی عالم نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، جس کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ قائدین سے لے کر کارکنان تک سب نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا مشن عام آدمی کو بااختیار بنانا ہے اور یہ جدوجہد تاحال جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اشرافیہ سے تعلق رکھنے کے باوجود خود کو عوام کے لیے وقف کیا اور اسی نظریے کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ یہی نظریہ آج بھی پیپلز پارٹی کو زندہ رکھے ہوئے ہے اور کارکنان اسی راستے پر گامزن ہیں۔

