لسبیلہ میں بی اینڈ آر دفتر حب میں ہونے پر عوام کو مشکلات، اوتھل منتقلی کا مطالبہ

لسبیلہ(بیوروچیف )ضلع لسبیلہ کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ محکمہ بی اینڈ آر (روڈ) کے ایکسیئن کا دفتر تاحال ضلع حب میں قائم ہے، حالانکہ دونوں اضلاع کو الگ ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دفتری امور کے لیے حب جانا نہ صرف وقت طلب ہے بلکہ اس سے اخراجات میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے لسبیلہ کے شہریوں کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق جب دونوں اضلاع انتظامی طور پر علیحدہ ہو چکے ہیں تو متعلقہ محکموں کے دفاتر بھی اپنے اپنے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ہونے چاہئیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بی اینڈ آر روڈ کے ایکسیئن کا دفتر فوری طور پر لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل منتقل کیا جائے تاکہ عوام کو اپنے ہی ضلع میں سہولیات میسر آسکیں۔لسبیلہ کے حلقوں نے میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، سیکریٹری پارلیمانی امور میر زرین خان مگسی اور محکمہ بی اینڈ آر کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں