ہزارگنجی،معصوم سبزی فروشوں پر حملہ انسانیت سوز اقدام، بدامنی حکومت کی ناکامی ہے،انجمن تاجران بلوچستان

کوئٹہ (این این آئی) انجمن تاجران بلوچستان ہزارگنجی کمرشل زون کے صدر ظہورکاکڑ جنرل سیکرٹری خان کاکڑ ماسٹر عین اللہ بس اڈہ کے صدر حاجی فیض اللہ خان اچکزئی خانزادہ ناصر خان جمیل خان ترین وکیل احمد ہوٹل ایسوسی ایشن ہزارگنجی کے صدر حاجی عبدالباقی اچکزئی وحید شاہوانی محمدعیسی تاجک و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہزارگنجی واقعہ میں معصوم سبزی فروشوں کو نشانہ بنانا انسانیت سوز اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، شہر میں بڑھتے ہوئے بدامنی کے واقعات حکومت اور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، دن دہاڑے بے گناہ شہریوں اور محنت کش طبقے کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے جبکہ قاتل دندناتے پھر رہے ہیں جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے، انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعہ نے شہر بھر میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے اور اگر فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو تاجر برادری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے، رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مؤثر اور ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں