مسلم لیگ(ق) کے رہنماء بشیراحمد خان کی گورنمنٹ سنڈیمن ہائی سکول کے پرنسپل محمد طارق سے ملاقات

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کوئٹہ کے ضلعی صدر بشیر احمد خان اچکزئی نے گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کے پرنسپل محمد طارق سے ملاقات کی، جس میں تعلیمی امور، طلبہ کے مسائل اور اسکول کے انتظامی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اپنے بیان میں بشیر احمد خان اچکزئی نے کہا کہ حالیہ منی لاک ڈاؤن اور اسکولوں کے دیر سے آغاز کی وجہ سے بچوں کے داخلوں کا عمل متاثر ہوا، جس پر فوری توجہ دینا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، اور ایسے حالات میں بچوں کے مستقبل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے پرنسپل محمد طارق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسکول انتظامیہ کو چاہیے کہ داخلوں کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔بشیر احمد خان اچکزئی نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو اور تعلیمی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں