اوتھل میں منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، ایس ایچ او عبدالوحید مگسی

لسبیلہ(رپورٹ بیوروچیف حفیظ دانش) نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او اوتھل عبدالوحید مگسی نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر معاشرے کے ناسور ہیں اور ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی، منشیات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ا ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی کی ہدایت پر سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی پریس کلب اوتھل کے صدر عبدالغنی سومرو، نیشنل پریس کلب اوتھل کے صدر غلام قادر خاصخیلی، سینئر نائب صدر و سینئر صحافی عبدالحفیظ دانش، اور سٹی پریس کلب اوتھل کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری جاوید لاسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عبدالوحید مگسی نے کہا کہ اوتھل ضلع لسبیلہ کے پرامن شہروں میں شمار ہوتا ہے اور اس کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات ایک ایسا ناسور ہے جو نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے، اس کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور کسی بھی منشیات فروش سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اوتھل شہر میں منشیات اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے صحافیوں، علاقائی معززین اور شہریوں کا تعاون ضروری ہے۔ایس ایچ او اوتھل عبدالوحیدمگسی نے کہا کہ منشیات فروش چاہے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ قتل کے واقعے کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صحافی اور پولیس کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اور صحافی علاقائی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر سی آئی اے انچارج لسبیلہ جان محمد جاموٹ اور ہیڈ محرر اوتھل عبدالرشید مانڈڑہ بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں