کوئٹہ ضلعی انتظامیہ نے امن و امان صورتحال بہتر بنانے،جرائم روک تھام کیلئے کرایہ داروں کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دیدیا

کوئٹہ(این این آئی)ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے کرایہ داروں کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں عوام الناس، مالکان مکان اور جائیداد کے کرایہ داروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کسی بھی شخص کو بغیر شناختی کارڈ کے مکان کرایہ پر نہ دیا جائے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اہم ہدایات میں ہر مالک مکان کے لیے لازم ہے کہ وہ کرایہ دار کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ چیک کرے اور اس کی کاپی اپنے پاس محفوظ رکھے اور کرایہ داری کا معاہدہ طے پانے کے فوراً بعد مالک اور کرایہ دار دونوں متعلقہ تھانے میں جا کر اپنی رجسٹریشن کروانے کے پابند ہوں گے۔اگر کوئی کرایہ دار 24 گھنٹے سے زائد کے لیے کسی مہمان کو ٹھہراتا ہے تو اس کی پیشگی اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن کو دینا ضروری ہوگی۔تمام ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز، ہاسٹلز اور دیگر کرایہ پر دیے جانے والے مقامات کے منتظمین اپنے یہاں مقیم تمام افراد کا مکمل ریکارڈ رکھنے اور طلب کرنے پر انتظامیہ کو فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں مالک مکان اور کرایہ دار دونوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج،فوری گرفتاری اور متعلقہ جائیداد کو سیل کیا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر رجسٹرڈ افراد اکثر جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اپنی اور اپنے علاقے کی حفاظت کے لیے ہر کرایہ دار کو رجسٹر کروائیں اور مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ضلعی کنٹرول روم کو دیں۔یہ اقدامات شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔ عوام کے تعاون سے ہی کوئٹہ کو ایک پرامن اور محفوظ شہر بنایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں