کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صدر سید عبدالقیوم آغا، چئیرمین سید یاسین آغا و دیگر نے ہزارہ ٹاؤن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سانحہ ہزارگنجی کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کرکے اظہار یکجہتی کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ترجمان کاشف حیدری، رکن سپریم کونسل الیاس علی، مختار علی و دیگر افراد بھی موجود تھے۔ وفد نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم محنت کشوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے، ایسے واقعات نہ صرف شہر کے امن کو متاثر کرتے ہیں بلکہ خوف و ہراس کی فضا بھی پیدا کرتے ہیں۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ آئندہ اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

