سبی(نامہ نگار)ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سبی ڈویژن ڈاکٹر عزیز خان عثمانی سے ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صحافیوں نے ملاقات کی، جس میں لائیو اسٹاک کے شعبے سے متعلق امور، درپیش مسائل اور جاری ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپریڈنٹ ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سہراب خان ساتکزئی، سپریڈنٹ لائیو اسٹاک ڈیری فارم ممتاز خجک اور سپریڈنٹ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک محمد انور خجک بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ڈوی ژنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر عزیز خان عثمانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، خصوصاً دیہی علاقوں میں لوگوں کا زیادہ تر انحصار مویشی بانی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق لائیو اسٹاک کے شعبے کی بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی اور مویشی پال حضرات کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مویشیوں کی ویکسی نیشن، بیماریوں کی روک تھام اور بہتر نسل کے جانوروں کی افزائش کے لیے مختلف پروگرامز جاری ہیں، جبکہ فیلڈ میں ویٹرنری عملہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے انجام دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیری فارمز کی بہتری اور دودھ کی پیداوار میں اضافے کے لیے بھی جدید طریقہ کار متعارف کروائے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر عزیز خان عثمانی نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور لائیو اسٹاک سے متعلق معلومات، حفاظتی تدابیر اور حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے میں صحافیوں کا تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک میڈیا کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے گا تاکہ عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے نمائندوں نے لائیو اسٹاک کے شعبے میں درپیش مسائل، خاص طور پر دیہی علاقوں میں سہولیات کی کمی، ویکسی نیشن کے نظام اور عملے کی دستیابی سے متعلق امور پر توجہ دلائی۔ جس پر ڈویژنل ڈائریکٹر نے یقین دہانی کروائی کہ ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ لائیو اسٹاک کے شعبے کی بہتری کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا.

