کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی کونسل کے رکن عبدالقدیر بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی کارکردگی روز روشن کی طرح عیاں ہے وہ بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کررہے ہیں اور حلقے میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے ہیں جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی،مسلم لیگ(ن)کی مرکزی قیادت صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں آئندہ اڑھائی سال کیلئے بلوچستان کا وزیراعلیٰ بنائے تاکہ وہ صوبے بھر کو ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کرسکیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں عبدالقدیر بلوچ نے کہا کہ میرعبدالکریم نوشیروانی بلوچستان کے کہنہ مشق سیاستدان ہیں جن کی صوبے کے عوام کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں اورانہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ خاران کے عوام نے عام انتخابات میں میر شعیب نوشیروانی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حلقے سے رکن اسمبلی منتخب کرایا جس کے بعد صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حلقے کے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی اور دو سال کے دوران حلقے میں اربوں روپے کے ترقیاتیکام کروائے جن سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مخلوط حکومت کے قیام کے وقت مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کے درمیان اڑھائی اڑھائی سال حکومت کا معاہدہ ہوا تھا اور اب پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ کے اڑھائی سال پورے ہونے والے ہیں ہمارا مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف،وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے اپیل ہے کہ وہ میر شعیب نوشیروانی کی عوام اور پارٹی کیلئے خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں آئندہ اڑھائی سال کیلئے بلوچستان کا وزیراعلیٰ بنائیں تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے صوبے اوراپنے حلقے کے عوام کی خدمت کرسکیں۔

