اساتذہ کی حاضری کے لیے بایومیٹرک کے بجائے کلاس حاضری کو ہی بنیادی معیار تسلیم کیا جائے،پروفیسرڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ

کوئٹہ(این این آئی) اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کی کابینہ کا اجلاس صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری فرید خان اچکزئی، پریس سیکرٹری رحمت اللہ اچکزئی اور ایگزیکٹو ممبران ڈاکٹر محب اللہ کاکڑ، ڈاکٹر گْل محمد بلوچ، میڈم فرہانہ مگسی اور مسعود مندوخیل نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران جنرل باڈی کے اس فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس کے تحت اساتذہ بایومیٹرک حاضری نہیں لگائیں گے۔ طویل مشاورت کے بعد یہ طے پایا کہ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی کابینہ کل بروزِ جمعہ سے جامعہ کے تمام شعبہ جات کا دورہ کرے گی اور اساتذہ سے اپیل کرے گی کہ وہ جنرل باڈی کے فیصلے کی پاسداری کرتے ہوئے بایومیٹرک حاضری لگانے سے گریز کریں۔مزید برآں، اساتذہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی تدریسی ذمہ داریوں کو باقاعدگی سے انجام دیں، کلاسز میں حاضری یقینی بنائیں اور اس کا ریکارڈ متعلقہ چیئرمین اور ڈین کو فراہم کریں۔اجلاس میں وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر اور رجسٹرار سے مطالبہ کیا گیا کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور اساتذہ کی حاضری کے لیے بایومیٹرک کے بجائے کلاس حاضری کو ہی بنیادی معیار تسلیم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں