ہنگلاج ماتا نانی مندر میلے میں ملک بھر سے یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری

کوئٹہ(این این آئی) ہنگلاج ماتا نانی مندر کے میلے میں ملک بھر سے لاکھوں ہندو یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے سینیٹر دنیش کمار نے دورے کے دوران حکومت بلوچستان کی جانب سے تین کروڑ کی لاگت سے تعمیر رہائشی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی اسمبلی کے ممبر ربی پاؤ جا ڈپٹی کمشنر لسبیلہ عمیرہ بلوچ ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج بلوچ ہوسٹ گارڈ کے میجر اجلاس سری انگلاج ماتا مندر ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے صدر مکی ونود کمار جنرل سیکرٹری ویلنسی مل اور ہندو پنچات کے نمائندے اور افسران موجود تھے۔سینٹر دنیش کمار نے میلے میں لگائے گئے مختلف اسٹال کا معائنہ کیا۔میلے میں شریک ہندو یاتریوں سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ میلے کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ پولیس لسبیلہ، ایف سی بلوچستان، پاکستان کوسٹ گارڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندو یاتریوں کے داخلے کے لیے واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی چیکنگ کے جدید انتظامات بھی یقینی بنائے گئے ہیں۔ حکومت بلوچستان کی ہدایت پر یاتریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل ٹیمیں، ڈاکٹرز، پی پی ایچ آئی لسبیلہ، ریسکیو 1122 اور ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینسز ہمہ وقت موجود ہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کو بھی فعال کردیا گیا ہے۔ ہنگلاج شیوا منڈلی کی جانب سے یاتریوں کے لیے تینوں دن مفت کھانے، صاف پانی اور میڈیکل کیمپ کے ذریعے ادویات کی فراہمی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پاکستان کوسٹ گارڈ کی جانب سے بھی فری میڈیکل کیمپس اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، میلے کے انتظامات کی نگرانی میں ہنگلاج ماتا ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ سوسائٹی کے عہدیداران کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کی جانب سے 200 کروڑ کی ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں، رواں سال مزید ایک سو کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تین روزہ میلے میں لنگر کیلئے ساڑھے چار کروڑ روپے اور 30 ہزار مچھر دانیاں بھی دی گئی ہیں جس کیلئے ہم حکومت بلوچستان کا شکر یہ ادا کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں