حطار گیس پائپ لائن دھماکہ، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ تاخیر کا شکار، تحقیقات جاری

حطار (این این آئی)حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں سوئی گیس کی مین ٹرانسمیشن لائن دھماکے سے 8 افراد کی ہلاکت کے واقعے پر کمشنر ہزارہ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی 24 گھنٹوں میں رپورٹ مکمل نہ کر سکی۔ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد اور ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے تیسرے روز بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔ حکام نے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور شواہد اکٹھے کرنے کی ہدایات جاری کیں۔یاد رہے کہ تین روز قبل حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس پائپ لائن دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی تھی، جس پر تین گھنٹوں بعد قابو پایا گیا، تاہم قریبی آبادی اکبر آباد میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاں بحق افراد کے لیے 10 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور جلد رپورٹ میں واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں