لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) سینیٹر دھنیش کمار پلیانی نے ہنگلاج نانی مندر آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگلاج نانی مندر ہندو مذہب میں انتہائی اہمیت کا حامل مقام ہے، جہاں ہر سال کی طرح اس سال بھی گزشتہ برس کی نسبت تین گنا زیادہ ہندو یاتری شریک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنگلاخ پہاڑوں میں واقع ہنگلاج ماتا نانی مندر میں لاکھوں کی تعداد میں ہندو یاتری آزادانہ طور پر اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں، اور حکومت بلوچستان کی جانب سے زائرین کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے ہندو یاتریوں کے لیے ساڑھے چار کروڑ روپے کا راشن اور 30 ہزار مچھر دانیاں فراہم کی ہیں۔سینیٹر دھنیش کمار پلیانی نے کہا کہ پاکستان میں ہنگلاج نانی مندر کے لیے جتنے فنڈز مختص کیے جاتے ہیں، اتنے فنڈز بھارت میں بھی نہیں دیے جاتے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ہنگلاج ماتا کی سہولیات کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، جبکہ گزشتہ تین سالوں میں 200 کروڑ روپے بھی اس مقصد کے لیے فراہم کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے بھارت اور نریندر مودی کی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہندو برادری کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور ہنگلاج نانی مندر میں آ کر دیکھا جا سکتا ہے کہ یاتری کس طرح آزادانہ طور پر اپنی عبادات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دشوار گزار مقام پر ہندو برادری کی حفاظت مسلم برادری کر رہی ہے، جو بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک منفرد مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنگلاج نانی مندر دنیا میں ہندوؤں کا تیسرا بڑا مذہبی اجتماع ہے اور پاکستان عالمی سطح پر امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔سینیٹر نے بتایا کہ حکومت کی جانب ڈپٹی کمشنر لسبیلہ، ایس ایس پی لسبیلہ اور پاک فوج کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ ضلعی آفسران ہر وقت یہاں پر موجود ہوتے ہیں جو ہرقت سیکورٹی کے جائزہ خود لیتے ہیں جبکہ یاتریوں میں سرکاری راشن بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے حکومت بلوچستان بالخصوص وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اقلیتی برادری کے لیے بہترین سہولیات فراہم کیں۔بعد ازاں سینیٹر دھنیش کمار پلیانی اقلیتی ایم پی اے روی کمار سابق ایم پی اے مکھی شام لاسی نے میلے کا دورہ کیا، پوجا پاٹ میں شرکت کی اور بھنڈارے میں یاتریوں میں کھانا بھی تقسیم کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ، ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج احمد بلوچ سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے.

