سبی(رپورٹر)وفاقی محتسب اعلی سبی ایڈوکیٹ محمد امین مگسی سے گزشتہ روز ان کے دفتر میں ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صحافیوں نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے وفاقی محتسب کے کردار اور کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کی۔ایڈوکیٹ محمد امین مگسی نے بتایا کہ وفاقی محتسب وفاقی اداروں کے خلاف عوامی شکایات کے ازالے اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ سبی سمیت گرد و نواح کے علاقوں سے وفاقی اداروں کے خلاف سینکڑوں شکایات موصول ہو چکی ہیں جن میں سے درجنوں شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے جبکہ باقی پر پیش رفت جاری ہے انہوں نے مزید کہا کہ سبی شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بار بار ٹرپنگ کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے بار بار ٹرپنگ اور لوڈشیڈنگ کی سرکاری تفصیلات کیسکو آفیسران سے طلب کی ہیں اس حوالے سے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ اس مسئلے پر قابو پا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے وفاقی محتسب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وفاقی اداروں کے خلاف اپنی شکایات کے اندراج اور فوری و مفت انصاف کے حصول کے لیے محتسب دفتر سے رجوع کریں، جہاں ان کی شکایات پر بروقت دادرسی کو یقینی بنایا جائے گا

