خاران: واشک میں نوجوانوں کی ترقی کیلئے “سماجی ہم آہنگی” سیمینار منعقد

خاران (رپورٹ محمدعیسی محمدحسنی )حکومت بلوچستان اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے اشتراک سے ضلع واشک میں ایک روزہ سیمینار بعنوان “سماجی ہم آہنگی اور ترقی” منعقد ہوا، جس کا مقصد نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور معاشی طور پر خود مختار بنانا تھا۔تقریب میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء ایم پی اے واشک میر حاجی زاہد علی ریکی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے زہراہتمام رائیز پروگرام صوبائی حکومت کی جانب سے واشک کے عوام کے لیے ایک اہم اور قیمتی اقدام ہے، جو نوجوانوں کے روشن مستقبل اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت چھوٹے کاروباری افراد اور مستحق گھرانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور معاشی طور پر مستحکم ہو سکیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے چھ اضلاع میں واشک جیسے پسماندہ ضلع کو شامل کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ مزید برآں ضلع کے وسیع رقبے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک کے بجائے چار دفاتر کا قیام عوام دوست پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولت میسر آئے گی۔
بی آر ایس پی کے سینئر منیجر سردار عبداللہ بادینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رائیز پروگرام حکومت بلوچستان اور بی آر ایس پی کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں کو عملی تربیت اور مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ واشک چونکہ غربت سے متاثرہ ضلع ہے، اس لیے یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا اور انہیں ہنر مند بنا کر روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرے گا۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور اس پروگرام کو نوجوانوں کی خودمختاری اور علاقے کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ معاشرے میں مثبت اور دیرپا تبدیلی بھی آئے گی۔پروقار سیمینار میں مختلف سیاسی و قبائلی عمائدین، انجمن تاجران، نوجوانوں، یوتھ نمائندگان، صحافی برادری اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آخر میں عوامِ واشک سے اپیل کی گئی کہ وہ بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں اور ضلع میں ترقی و خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں