پسنی(رپورٹر) حالیہ تیز بارشوں کے بعد پسنی کے علاقے یوسی کپر کا مین داخلی روڈ کئی مقامات سے ٹوٹ کر بہہ گیا ہے، جس کے باعث آمدورفت کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
اہل علاقہ کے مطابق بارشوں کے بعد مقامی کھیتوں میں پانی کی بڑی مقدار جمع ہو گئی تھی جس کے شدید دباؤ کے نتیجے میں کپر لنک روڈ کے مختلف حصے بہہ گئے ہیں۔ روڈ کی تباہی کے باعث جہل کپر اور برز کپر کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان کا قریبی شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔
اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر روڈ کی بحالی کے اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

