بلوچستان کی بیٹی نے وطن کی امن و سلامتی کیلئے جان کا نذرانہ پیش کر کے جرات و بہادری کی نئی مثال قائم کی،علی مدد جتک

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے خضدار کے علاقے بَجوئی میں شرپسند عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والی بہادر لیڈی کانسٹیبل ملک ناز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی بیٹی نے وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے جرات و بہادری کی نئی مثال قائم کی۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ شہید ملک ناز کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، انہوں نے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کر کے فرض شناسی کی اعلیٰ روایت قائم کی،شہید کے شوہر بھی لیویز فورس میں خدمات انجام دیتے ہوئے دہشتگردی کا نشانہ بن چکے ہیں، یہ خاندان وطن پر قربانیوں کی روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ملک ناز اپنے پیچھے تین معصوم بچوں کو سوگوار چھوڑ گئیں، حکومت ان کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،انہوں نے کہا کہامن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں