کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلی بلوچستان چیف اف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گزشتہ روز باغبانہ کھنڈوزئی میں پولیس ٹیم پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس دلخراش واقع میں لیڈی پولیس اورکانسٹیبل سمیع اللہ باجوئی کی شہادت افسوس ناک واقعہ ہے یہ حملہ جھالاوان کے امن اور روایات پر سنگین حملہ ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ اپنے فرض منصبی کی ادائیگی کے دوران لیڈی پولیس اہلکار اور نوجوان کانسٹیبل نے جس دلیری اور بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے عظیم منصب پر فائز ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے لیکن یہ بزدلانہ واقعہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے جس نے ہر دل کو رنجیدہ اورماحول کو افسردہ کر دیا ہے۔نواب ثناء اللہ خان زہری نے تعزیتی بیان میں شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اور سکیورٹی اداروں کے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں بلوچستان بھر میں امن و امان کو قرار رکھنے کے لیے جس طرح پولیس کے جوانوں نے جوانمردی سے خون کا نذرانہ دیکر امن دشمنوں کا مقابلہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ آئے روز دشت گردوں کا پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ امن و امان کو خراب کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے لیکن ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔چیف اف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ باغبانہ کھنڈوزئی واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی جائے ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے جھالاوان کے عوام محب وطن ہیں دہشت گردوں کے عزائم کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔نواب ثنا اللہ خان زہری نے اپنے تعزیتی بیان میں شہدائے کی بلند درجات کے لیے دعا اور واقعہ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی شہداء کے خاندانوں سے تعزیت دلی ہمدردی کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر شریک ہیں۔

