کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو عوام کی بلارنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے،پارٹی کارکن کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاریاں جاری رکھیں انشاء اللہ پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھی بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔ یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماو الیکشن سیل کے سربراہ سابق سینیٹر روزی خان کاکڑکی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے کاکڑ ہاؤس سرکی روڈ کوئٹہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس سے پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے نائب صدر ڈاکٹر سبحان ترین، ڈپٹی جنرل سیکریٹری ملک شازیب کاسی، کوئٹہ سٹی کونسل کے ممبران دلاور خان کاکڑ، صاحبزادہ امان اللہ، ایران خان مہمند، سر جمعہ گل اچکزئی، حبیب اللہ خان اچکزئی و دیگر نے خطاب کیا۔اجلاس میں پی پی پی کوئٹہ سٹی کے تمام یونٹس کی ایگزیکٹوز، سینئر ساتھیوں اور کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی، تنظیمی امور اور نئی حلقہ بندیوں کے تحت پارٹی کی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر تمام ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی کو مزید فعال اور منظم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے نورالدین کاکڑ اوردیگر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میں فعال اور منظم ہے جس طرح پارٹی نے عام انتخابات میں صوبے بھر میں کامیابی حاصل کی انشاء اللہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔انہوں نے کہا کہ کارکن کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری رکھیں اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر مملکت آصف علی زرداری،بی بی آصفہ بھٹو اور فریال تالپور کے پیغام کو گھر گھرپہنچائیں۔

