لورالائی پولیس نے دہشت گردی منصوبہ ناکام بناکر بھاری مقدار میں بارودی مواد قبضے میں لے لیا

کوئٹہ(این این آئی) لورالائی پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں بارودی مواد قبضے میں لے لیا۔ ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ لورالائی پولیس نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پوڑی ٹک پہاڑ کے علاقے میں کامیاب آپریشن کے دوران دہشتگردی میں استعمالر کرنے کیلئے چھپایا گیا بارودی مواد برآمد کرلیا گیاجس میں 10 کلو گرام ٹی این ٹی، 8 کلو گرام بلیک ایکسپلوزیو، 4 عدد آئی ای ڈیز (جن میں 2 چھوٹے اور 2 بڑے شامل ہیں)، 11 ڈیٹونٹرز، 6 میٹر سیفٹی فیوز، ایس ایم جی کے 165 راؤنڈز، 1 کلو گرام بال بیرنگز اور 11 میٹر بونا کورڈ شامل ہیں۔ڈی آئی جی جنید احمد شیخ نے اس موقع پر کہا کہ پولیس نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی تاکہ علاقے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں