سبی(یو این اے) ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر سبی میر سلام درخانی رئیسانی نے کہا ہے کہ ضلع میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی٬انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس میں موجود سوئمنگ پول، فٹسال گراؤنڈ اور دیگر کھیلوں کی سہولیات کو فعال اور بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنا محکمہ کھیل کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میر سلام درخانی رئیسانی کے مطابق سبی شہر میں مختلف کھیلوں کے ایونٹس کے انعقاد کے لیے کمشنر سبی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر سبی اور محکمہ کھیل کے اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے گا بلکہ علاقے میں صحت مند معاشرتی ماحول بھی پروان چڑھے گا۔

