کیسکومیں انٹرن شپ کے تحت طلباء و طالبات کیلئے ایک روزہ اورینٹیشن پروگرام کاانعقاد کیا گیا

کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے انٹرن شپ پروگرام کے تحت منتخب ہونیوالے طلباوطالبات کیلئے ریجنل ٹریننگ سینٹر کیسکومیں ایک روزہ اورینٹیشن پروگرام منعقد کیاگیا۔جس کابنیادی مقصد مختلف شعبوں کے طلبا و طالبات کو کمپنی میں کام سکھانے کیلئے عملی تربیت اور پیشہ ورانہ تجربہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کیسکوسے متعلق معلومات حاصل ہوسکے۔ایک روزہ اورینٹیشن پروگرام میں کیسکوریجنل ٹریننگ سینٹر کے پرنسپل (سینئرانجینئر) محمدعارف ساسولی، ایڈیشنل ڈائریکٹر (سیفٹی) انجینئرسید آصف شاہ، ایکسئن (جی ایس سی) عبیدالرحمن، ایکسئن (آپریشن) سٹی ڈویژن انجینئر آئیون داس کے علاوہ کیسکوکے متعلقہ افسران موجود تھے۔ اس موقع پرریجنل ٹریننگ سینٹر (آر ٹی سی)کے پرنسپل انجینئرعارف ساسولی نے اورینٹیشن پروگرام میں شریک طلبا و طالبات کو کیسکوکے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) صوبے میں اِس وقت تمام اضلاع (ماسوائے لسبیلہ) کے 6آپریشن سرکل اور 14آپریشن ڈویژن میں تقریباً سات لاکھ صارفین کو بجلی کی سہولت فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کیسکومیں انٹرن شپ پروگرام کاآغاز ایک خوش آئند اقدام ہے جس میں مختلف شعبوں کے طلباء و طالبات کو نہ صرف مستقبل کیلئے عملی تربیت دی جارہی ہے بلکہ ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیاجارہاہے۔انہوں نے نئے انٹرنیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا عملی زندگی میں قدم رکھتے ہوئے آپ تمام نوجوانوں پر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہے۔ لہٰذا آپ اپنے متعلقہ شعبے میں وقت کی پابندی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے صارفین کی خدمت کریں۔ انہوں نے اُمیدظاہر کی کہ اس انٹرن شپ پروگرام سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے پروفیشنل زندگی میں محنت اور لگن سے کام کریں اور ملک و قوم کانام روشن کریں گے۔بعدازاں انٹرنشپ پروگرام میں منتخب ہونیوالے شریک طلباء وطالبات کو کیسکوکے مختلف شعبوں کے افسران اور انجینئرزنے کمپنی کی مجموعی کارکردگی، بجلی فراہمی کے نظام، ٹرانسمیشن لائن،گرڈاسٹیشنز کے علاوہ انتظامی معاملات کے طریقہ کار،صارفین اورکارکنوں کیلئے حفاظتی پالیسی اور ڈسٹری بیوشن نظام کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں