عوام کے حق رائے دہی کی توہین کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، شیخ مولانا عبدالاحد، حافظ شبیراحمد مدنی، سید عبدالواحد آغا، حاجی ولی محمد بڑیچ، حاجی صالح محمد، سیکرٹری اطلاعات حافظ عبدالغنی، شہزاد رحیم الدین ایڈووکیٹ عبدالصمد حقیار مولوی علی جان اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے اختیار کی گئی ناانصافی جانبداری اور غیر جمہوری طرزِ عمل مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر عوامی مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے اور انتخابی عمل کو شفاف غیر جانبدار اور منصفانہ نہ بنایا گیا تو جمعیت علماء اسلام عوامی قوت اور آئینی و جمہوری طاقت کے ذریعے ہر سازش کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ عوام کے حقِ رائے دہی کی توہین کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام یونٹوں کے ذمہ داران فوری طور پر اپنی اپنی یونین کونسلوں کی صورتحال حلقہ بندیوں ووٹر لسٹوں اور دیگر انتخابی امور کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی رپورٹس جلد از جلد متعلقہ ٹاؤن کمیٹیوں کو پیش کریں تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علماء اسلام قانونی آئینی اور جمہوری دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہر قسم کی سازش دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ دن دہاڑے عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنا حکومت اور الیکشن کمیشن کا معمول بن چکا ہے جس سے جمہوری نظام کی ساکھ بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے ضلعی الیکشن کمیشن کے ذمہ داران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی جعلی اور عوامی اعتماد سے محروم حکومت کے منشی بننے کے بجائے اپنی آئینی ذمہ داریاں غیر جانبداری اور دیانتداری سے ادا کریں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور انتخابی عمل شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں