سبی(اللہ داد رند) ڈپٹی ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سبی محمد آصف بگٹی نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحق افراد کی رجسٹریشن کا عمل صاف اور شفاف طریقے سے جاری ہے، اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں شہری بلا جھجھک براہ راست متعلقہ دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے صدر میراللہ داد رند سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سبی کے جنرل سیکرٹری میر ریحان بگٹی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔محمد آصف بگٹی نے کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق مستحقین کی درست اور میرٹ پر رجسٹریشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ حقیقی حقداروں تک مالی امداد بروقت پہنچ سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا سفارش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے رجسٹریشن مراکز پر عملہ تعینات ہے جو درخواست دہندگان کی مکمل رہنمائی کر رہا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ درست معلومات فراہم کریں تاکہ ان کی رجسٹریشن میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے اس موقع پر میر ریحان بگٹی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غریب اور نادار طبقے کے لیے ایک اہم سہارا ہے اور اس کے ذریعے مستحق خاندانوں کو مالی مشکلات سے نکالنے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے آخر میں ڈپٹی ڈائریکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کو رجسٹریشن کے حوالے سے شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

