کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BMC) سے مبینہ طور پر کالعدم تنظیم سے وابستہ خدیجہ نامی ایک لڑکی کو گرفتار کر لیا، گرفتار خاتون نرسنگ کی طالبہ بتائی جاتی ہے۔میڈیا معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز سے ایک لڑکی کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے خلاف دہشتگردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے واضح ثبوت ملے تھے۔انہوں نے بتایا کہ سہولت کاری کے شواہد سامنے آئے جس پر قانونی طریقے سے کارروائی کی گئی مذکورہ لڑکی کو قوانین کے مطابق انٹرنمنٹ و ڈٹینشن سینٹر میں رکھا گیا ہے۔بابر یوسفزئی کے مطابق حکومتِ بلوچستان کی جانب سے حراست کے احکامات گزشتہ روز جاری کیے گئے اہلِ خانہ کو بھی قانونی تقاضوں کے مطابق حراست سے آگاہ کر دیا گیا ہے تمام کارروائی قانون اور ایس او پیز کے مطابق عمل میں لائی گئی اور کاروائیمکمل طور پر قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

