دینی مدارس نے انسانیت کو زوال گمراہی اور تاریکی کی راہوں میں بھٹکنے سے محفوظ رکھا ہے، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق نے مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن نزد گریڈ اسٹیشن یارو ضلع پشین کے زیراہتمام منعقدہ عظیم الشان جلسہ دستارِ فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس نے ہر دور میں علمی، فلاحی، اصلاحی اور اشاعتِ دین کی عظیم خدمات سرانجام دے کر انسانیت کو زوال گمراہی اور تاریکی کی راہوں میں بھٹکنے سے محفوظ رکھا ہے۔ مدارس اسلامیہ صرف تعلیمی ادارے نہیں بلکہ یہ کردار سازی اخلاقی تربیت، دینی شعور اور اسلامی تہذیب و تشخص کے مضبوط قلعے ہیں۔ انہی مدارس کے فیض سے معاشرے میں دین کی روشنی، امن، اخوت اور خیر کے پیغام کو فروغ ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ مدارس دشمن قوتیں ان لازوال خدمات سے خوفزدہ ہوکر منفی پروپیگنڈوں اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے دینی مدارس کو بدنام کرنے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہیں مگر باشعور عوام ان سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے خلاف زبان استعمال کرنے والے دراصل اغیار کے آلہ کار ہیں جو ملک کے اسلامی تشخص کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ علماء کرام اور دینی مدارس کے دست و بازو بنیں کیونکہ انہی مدارس اور علماء کے بدولت ملک و ملت کا اسلامی تشخص برقرار ہے۔ مدارس کی سرپرستی، تعاون اور حفاظت ہر مسلمان کی دینی و ملی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہر سطح پر دینی مدارس کے تحفظ آزادی اور وقار کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور مدارس کے خلاف ہر سازش کا بھرپور سیاسی آئینی اور عوامی انداز میں مقابلہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں