شہر میں گیس صارفین نے بلوں میں ہزاروں روپے کے پی یو جی چارجز اور ان پر عائد سیلز ٹیکس کے خلاف شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے ناجائز قرار دیا ہے

سبی(اللہ داد)شہر میں گیس صارفین نے بلوں میں ہزاروں روپے کے پی یو جی چارجز اور ان پر عائد سیلز ٹیکس کے خلاف شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے ناجائز قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان اضافی چارجز نے انہیں مالی اور ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، جبکہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں متاثرہ صارفین کے مطابق اکثر گیس بلوں میں پی یو جی کی مد میں بھاری رقوم شامل کر دی جاتی ہیں، جن کی نہ تو واضح وضاحت دی جاتی ہے اور نہ ہی اس کا کوئی مؤثر حل فراہم کیا جاتا ہے۔ مزید برآں ان چارجز پر سیلز ٹیکس کا اطلاق صارفین کے لیے دوہرا بوجھ بن چکا ہے، جس سے ان کے ماہانہ اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے شہریوں نے اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی ہے کہ سبی آفس میں بلوں کی درستگی کے لیے کوئی ذمہ دار افسر تعینات نہیں، جس کی وجہ سے صارفین کو اپنے مسائل کے حل کے لیے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بلوں میں غلطیاں سامنے آتی ہیں تو ان کی بروقت تصحیح کے لیے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، جس کے باعث لوگوں کو مجبوراً دیگر فورمز سے رجوع کرنا پڑتا ہے عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس بلوں میں شامل ناجائز چارجز کا فوری نوٹس لیا جائے اور سبی آفس میں ایک ذمہ دار بلنگ آفیسر تعینات کیا جائے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں