کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان میں چین کے تعاون سے صحت کے شعبے میں ایک بڑے اقدام کے تحت صوبے کے سات اضلاع کے ایک سو طبی مراکز میں ماں اور نومولود بچوں کی صحت کے لیے طبی سہولیات کی بہتری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے یہ منصوبہ زچہ و بچہ کی نگہداشت کے نظام کو مؤثر بنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کے آغاز پر حکومتِ چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اس اہم اشتراک پر حکومتِ چین کے مشکور ہیں اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی ایک شاندار مثال ہے جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے ماں اور بچے کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنایا جائے گا اور صوبے میں زچہ و بچہ کی صحت کو اولین ترجیح بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری لائی جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاک چین دوستی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے عوام کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسے منصوبوں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سے مستفید ہو سکیں اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔

